ویمنز بگ بیش لیگ سیزن ایٹ ،شارلٹ ایڈورڈز سڈنی سکسرز کی کوچنگ کریں گی

بدھ 18 مئی 2022 09:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) انگلینڈ کی سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شارلٹ ایڈورڈز ویمنز بگ بیش لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں سڈنی سکسرز کی کوچنگ کریں گی۔ فرنچائز سڈنی سکسرز نے شارلٹ ایڈورڈز کو ڈبلیو بی بی ایل کے آئندہ سیزن سے قبل نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ 42 سالہ شارلٹ ایڈورڈز بین سویر کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں گی ۔

سڈنی سکسرز نے بین سویر سات سالہ کوچنگ کیریئر کے دوران دو مرتبہ ٹائٹل حاصل کیا اور دو دیگر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

ایڈورڈز نے کہاہے کہ میں سڈنی سکسرز کی کوچنگ کا عہدہ ملنے پر بے حد پرجوش ہوں ۔انہوں نے کہا کہ سڈنی سکسرز دنیا کی سب سے کامیاب خواتین کی ڈومیسٹک ٹیموں میں سے ایک ہیں۔شارلٹ نے کہا کہ سڈنی سکسرز جیسی ٹیم سے وابستہ ہونا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے اور اس کی کوچنگ کا کام شروع کرنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتی۔شارلٹ ایڈورڈز کاؤنٹی کرکٹ میں سدرن وائپرز کی کوچنگ کے علاوہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی اسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔شارلٹ ایڈورڈز کو 23 ٹیسٹ ،191 ایک روزہ اور 95ٹی 20میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 18/05/2022 - 09:30:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :