جونی بیئرسٹو نے شاہد آفریدی کا 17 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا

برطانوی بیٹر نے 77 گیندوں پر سنچری کرکے میچ کی چوتھی اننگز میں دوسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑا، 147.8 کے سٹرائیک ریٹ سے 14 چوکوں، 7 چھکوں کی مدد سے 92 گیندوں پر 136 رنز بنائے ،پاکستانی بلے باز نے 2005ء میں برج ٹاؤن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 78 گیندوں پر 100 رنز بنائے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 جون 2022 12:56

جونی بیئرسٹو نے شاہد آفریدی کا 17 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جون 2022ء ) انگلینڈ کے بلے باز جونی بیرسٹو نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کی جم کر دھلائی کی اور چوتھی اننگز میں دوسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کیا۔ آخری دن 299 کے مجموعی اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز نے 147.8 کے شاندار سٹرائیک ریٹ سے 92 گیندوں پر 136 رنز بنائے جس میں 14 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے اور کپتان بین سٹوکس کے ساتھ 179 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

میچ وننگ اننگز کے ساتھ انہوں نے شاہد آفریدی کا ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں دوسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور اب وہ انگلش بلے باز گلبرٹ جیسپ سے پیچھے ہیں جنہوں نے 76 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی بلے باز نے 2005ء میں برج ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 78 گیندوں پر 100 رنز بنائے تھے جب کہ بیرسٹو نے یہ سنگ میل 77 گیندوں پر حاصل کیا تھا۔

ان کے پہلے 50 رنز 50 گیندوں پر آئے، اور اگلے 50 رنز صرف 27 گیندوں پر آئے۔ جب انگلینڈ کو آخری سیشن میں 160 رنز درکار تھے، بیرسٹو اور بین اسٹوکس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 16 اوورز میں بقیہ اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ بین سٹوکس نے 70 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی برتری کے ساتھ فتح کو یقینی بنایا اور بیرسٹو کو ان کی تاریخی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لیجنڈری فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے بھی اس میچ کے دوران 650 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔
وقت اشاعت : 16/06/2022 - 12:56:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :