پاکستانی شاہینوں کی شاندار باؤلنگ ، کینگروز پہلی اننگز میں 303رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے

جمعہ 24 اکتوبر 2014 19:27

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) پاکستان کی عمدہ بولنگ، آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 303رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی پاکستان کو پہلی اننگز میں 153رنز کی برتری پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث آسٹریلوی کھلاڑی جم کر کھیلنے میں ناکام رہے ہیں،ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بلے بازی کا انداز برقرار رکھا اور سنچری مکمل کی، لیگ اسپنر یاسر شاہ 3وکٹیں لے اڑے ، راحت علی 2،محمد حفیظ 1، عمران خان 1،ذوالفقار بابر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،گرین شرٹس آج چوتھے روز 153رنز کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کرے گی ۔

جمعے کو کھیل کے آغاز پر آسٹریلیا کی جانب سے افتتاحی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور کرس راجرز نے 113 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور 128 تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فاسٹ بولر راحت علی نے راجرز کو بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوا دی جنھوں نے 38 رنز بنائے۔راجرز کی جگہ آنے والے ایلکس ڈولن زیادہ پراعتماد نہ دکھائی دیے اور 37 گیندوں پر صرف پانچ رنز بنانے کے بعد راحت علی کی تھرو پر رن آوٴٹ ہوگئے۔

کپتان مائیکل کلارک صرف دو رنز بنا سکے اور ذوالفقار بابر کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔سمتھ اور وارنر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سپنر یاسر شاہ نے کیا۔سمتھ نے 22 رنز بنائے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں یاسر کی پہلی وکٹ بنے۔آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کھانے کے وقفے کے فوراً بعد گری جب یاسر شاہ نے ہی سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر دیا۔

کرس راجرز راحت علی کی پہلی وکٹ بنیہیڈن نے جو محتاط انداز سے کھیل رہے تھے ان کو پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عمران خان نے 22 رنز پر بولڈ کیا۔مارش نے محتاط کھیل پیش کیا اور 27 رنز پر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں آوٴٹ ہوئے۔133 رنز بنانے والے وارنر نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی نویں سنچری آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی کینگروز کی نویں وکٹ مچل جانسن کی گری جو 37رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے ، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوکیفی تھے جو 6رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔

اس سے قبل میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی عمدہ سنچری کی بدولت 454 رنز کے اچھے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔سرفراز احمد نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 80 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر عمران خان اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف اور بیٹسمین مچل مارش کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے آخری 14 میں سے 13 ٹیسٹ میچ آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔آسٹریلوی ٹیم دبئی میں پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سنہ 2002 میں شارجہ میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جو اس نے جیتے تھے۔

وقت اشاعت : 24/10/2014 - 19:27:10