نوجوان افسر پنجاب کی گلی گلی سے نئے کھلاڑی تلاش کریں، محمد طارق قریشی

پیر 27 جون 2022 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کے مستقل ہونیوالے 51تحصیل سپورٹس افسران کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ روف باجوہ ودیگر افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے مستقبل ہونیوالے ٹی ایس اوز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افسران نوجوان اور باہمت ہیں اس لئے وہ محنت اور لگن کے ساتھ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کیلئے کام کریں، اللہ تعالی نے آپ کو ملک وقوم کی خدمت کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے، تمام افسران اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

محمد طارق قریشی نے ٹی ایس اوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران باصلاحیت ہیں، ملازمت میں مستقل ہونے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افسر نئے ٹیلنٹ کوتلاش کرنے میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں، پنجاب کی گلی گلی سے نئے کھلاڑی تلاش کریں اور ان کے ٹیلنٹ کو نکھاریں تاکہ نئے کھلاڑی آگے آئیں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔ تحصیل سپورٹس افسران نے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کوسوینئر پیش کئے۔
وقت اشاعت : 27/06/2022 - 17:30:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :