کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور اثاثہ ہیں ،کھیل کے میدان ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے،وحید بابر

بدھ 29 جون 2022 15:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی وحید بابر نے کہا ہے کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور اثاثہ ہیں ،کھیل کے میدان ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں مطاہر بیڈمٹن اکیڈمی راولپنڈی کے زیراہتمام اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی تعاون پندرہ روزہ سمر بیڈمیٹن تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی شمس توحید عباسی، مطاہر بیڈمیٹن اکیڈمی راولپنڈی کے ہیڈ کوچ مطاہر سہیل، نجم عزیز ٹرسٹ کی سارہ احمد کے علاوہ بچوں کے والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تربیتی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر مہمانان خصوصی وحید بابر، شمس توحید عباسی اور سارہ احمد نے مطاہر اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مطاہر سہیل کو سمر تربیتی کیمپ کے کامیاب انعقاد مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے راولپنڈی میں بیڈمیٹن کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور نئے ٹیلنٹ کو آگے جانے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی وحید بابر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی اور معذور بچے بھی معاشرے کا حصہ ہیں، ان کی بھی دیگر کھلاڑیوں کی طرح حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبا و طالبات تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ آخر پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی وحید بابر اورڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی شمس توحید عباسی نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کھلاڑیوں کی ہرممکن مدد اور سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ مطاہر بیڈمیٹن اکیڈمی راولپنڈی نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے طلباء و طالبات کے لئے فری سمر بیڈمیٹن تربیتی کیمپ پندرہ روزہ تک جاری رہے گا جس میں پچاس سے زائد لڑکے اور لڑکیوں نیتربیت حاصل کی۔ کورس کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔
وقت اشاعت : 29/06/2022 - 15:50:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :