ورلڈ کبڈی لیگ کے مقابلے آخری مراحل میں داخل، لاہور لائنز نے اہم نو میچوں کیلئے حکمت عملی بنالی

جمعرات 30 اکتوبر 2014 22:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) ورلڈ کبڈی لیگ کے مقابلے آخری مراحل میں داخل ہوگئے ہیں، اگلے نو میچز انتہائی اہم ہیں جس سے ٹیموں کے سیمی فائنل تک پہنچنے کا فیصلہ ہوگا، ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ورلڈ کبڈی لیگ اور کبڈی ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں جاری تربیتی کیمپ میں لاہور لائنز کے ہیڈ کوچ غلام عباس بٹ اور ٹرینر محمد صدیق نے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، کیمپ میں کھلاڑیوں کو ورلڈ کبڈی لیگ کے اگلے نومیچوں کی تیاری کے سلسلہ میں جمعرات کے روز سخت ٹریننگ کرائی گئی، حکمت عملی کے تحت کھلاڑیوں کو رات کے وقت اوس میں پریکٹس کرائی، کوچ غلام عباس نے کھلاڑیوں کو مخالف ٹیموں کے حملے ناکام بنانے اور ریڈ کرکے پوائنٹس حاصل کرنے کے گُر بھی بتائے، ٹرینر محمد صدیق نے کھلاڑیوں کا سٹیمنا بڑھانے کیلئے سخت ورزش کرائی۔

(جاری ہے)

کیمپ میں کھلاڑیوں کو دوسری ٹیموں کے میچز کی ویڈیودکھائی گئی اور مخالف ٹیموں کے ویک پوائنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے پوائنٹس حاصل کرنے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی۔کوچ غلام عباس نے کھلاڑیوں کی اس معاملے میں رہنمائی کی۔ ٹرینر محمد صدیق نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیں،سخت ورزش کریں اور پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں۔ادھر پنجاب سٹیڈیم میں کبڈی کی خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ بھی جاری ہے جس میں خواتین کھلاڑیوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہے، کھلاڑیوں نے جمعرات کے روز ایکسرسائز جاری رکھی اور پریکٹس میچ بھی کھیلا۔

وقت اشاعت : 30/10/2014 - 22:11:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :