فرانسیسی بلے باز ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سنچری بنانیوالے کم عمر ترین بلے باز بن گئے

گسٹاو میک کیون نے 18 سال اور 280 دن کی عمر میں ونتا میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف 61 گیندوں پر پانچ چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 109 رنز سکور کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 جولائی 2022 14:10

فرانسیسی بلے باز ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سنچری بنانیوالے کم عمر ترین بلے باز بن گئے
ونتا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2022ء ) فن لینڈ میں جاری تیسرے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء یورپ سب ریجنل کوالیفائر ٹورنامنٹ میں عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ 18 سال اور 280 دن کی عمر میں فرانسیسی اوپننگ بلے باز گسٹاو میک کیون T20I سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے، انہوں نے ونتا میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف 61 گیندوں پر 109 رنز میں پانچ چوکے اور نو چھکے لگائے۔

میک کیون نے 20 سال اور 337 دن کی عمر میں 2019ء میں آئرلینڈ کے خلاف 62 گیندوں پر 162* رنز کا افغان اوپنر حضرت اللہ زازئی کا 2 سال سے زیادہ عرصہ رہنے والا ریکارڈ توڑا۔ میک کیون نے اس سے قبل جمہوریہ چیک کے خلاف 54 گیندوں پر 76 رنز بنائے تھے، یہ نوجوان بلے باز ٹورنامنٹ میں رنز بنانیوالے بلے بازوں میں سب سے آگے ہے، میک کیون نے 161 کے سٹرائیک ریٹ اور 92.50 کی اوسط سے اب تک 185 رنز بنائے ہیں ۔

(جاری ہے)

سنچری کے باوجود میک کیون فرانس کو کامیابی نہ دلوا سکا اور سوئٹزرلینڈ نے آخری گیند پر 158 رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کرکے سنسنی خیز میچ جیت لیا۔ سوئس کپتان فہیم نذیر نے 46 گیندوں پر 67 رنز سکور کیے، علی نیئر کی عمدہ اننگز نے سوئس ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔ نیئر نے آخری تین گیندوں پر 12 رنز بنائے جس میں آخری گیند پر ایک چوکا بھی شامل ہے ، گروپ مرحلے کے ایکشن میں دونوں ٹیموں کے 2،2 پوائنٹس ہیں ۔

چیک ریپبلک اور ایسٹونیا کے خلاف دو شاندار فتوحات کی بدولت ناروے گروپ 2 میں سرفہرست ہے۔ T20I سنچری بنانے والے سب سے کم عمر مینز کرکٹر میں رومانیہ کے شیوا کمار پیریالوار 2019ء میں ترکی کیخلاف 21 سال اور 16 دن کی عمر میں سنچری سکور کرکے تیسرے، روانڈا کے اورچڈ تویسنگے 2021ء میں سیکھلس کی ٹیم کے خلاف 21 سال 190 دن کی عمر میں سنچری بنا کر چوتھے جب کہ نیپالی بلے باز دیپندر سنگھ ایری 22 سال 68 دن کی عمر میں 2022ء میں ملائیشیا کیخلاف کھٹمنڈو میں سنچری بنا کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں ۔
وقت اشاعت : 26/07/2022 - 14:10:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :