پاکستان نے نیدرلینڈز کو دوسرے ون ڈے میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل

جمعرات 18 اگست 2022 21:10

روٹرڈیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) پاکستان نے نیدرلینڈز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، قومی ٹیم نے 187 رنز کا ہدف 34ویں اوور میں حاصل کرلیا، بابراعظم، محمد رضوان اور سلمان ارشاد نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، محمد نواز کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعرات کو روٹرڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں186 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ نیدرلینڈز نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے 3 کھلاڑی صرف8 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ٹام کوپر نے باس ڈی لیڈے کے ساتھ مل کر مجموعی سکور کو 117 تک پہنچایا، دونوں بیٹرز نے 109 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی' باس ڈی لیڈے89 رنز اور کوپر 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

کپتان سکاٹ ایڈورڈز پانچ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ نیدرلینڈز کے 7 بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رئوف اور نواز نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نسیم شاہ نے دو اور محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کا 187 رنز کا ہدف 34ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا گزشتہ میچ کے ہیرو فخر زمان 3 اور امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان بابراعظم نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ بابراعظم 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 69 اور آغا سلمان 50 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے وویان کنگما نے دو اور آریان دت نے ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد نواز کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد قومی ٹیم نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
وقت اشاعت : 18/08/2022 - 21:10:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :