پاکستان چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر کوئی ندامت نہیں : عمران طاہر

جنوبی افریقہ میں 2 سال ایک کمرے میں گزر بسر کیا، مرحوم والدین، اہلیہ نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا، ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ کا ارادہ ہے تاکہ جو کچھ سیکھا وہ علم مستقبل کے کرکٹرز کو منتقل کر سکوں: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 اگست 2022 12:19

پاکستان چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر کوئی ندامت نہیں : عمران طاہر
برمنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اگست 2022ء ) پاکستانی نژاد جنوبی افریقہ کے کرکٹر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کو چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر کوئی ندامت نہیں، سابق کوچ باب وولمر اور کپتان انضمام الحق کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے موقع دیا، پاکستان میں کھیلی گئی فرسٹ کلاس کرکٹ ہی میری کامیابی کی بنیاد بنی۔ جیو نیوز کے مطابق برمنگھم میں بات کرتے ہوئے 43 سالہ عمران طاہر نے کہا کہ ’بیٹے کی خواہش تھی کہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد رونالڈو کی طرح سیلیبریٹ کیا کروں، جشن کا مخصوص انداز بالکل قدرتی ہے، عبدالقادر، شین وارن اور مشتاق احمد پسندیدہ لیگ سپنرز ہیں، عبدالقادر مرحوم کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا کہ انہوں نے نہایت شفقت اور پیار سے مجھے لیگ سپن باولنگ کا آرٹ سکھایا، اِس وقت عادل رشید ، شاداب خان، راشد خان اور عثمان قادر جیسے لیگ سپنرز زبردست پرفارم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ میں 2 سال ایک کمرے میں گزر بسر کیا، مرحوم والدین اور اہلیہ نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا، ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ کا ارادہ ہے تاکہ جو کچھ سیکھا وہ علم مستقبل کے کرکٹرز کو منتقل کر سکوں۔ عمران طاہر نے 2011ء سے 2019ء کے درمیان جنوبی افریقہ کی طرف سے 20 ٹیسٹ میچوں میں 57 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 107 ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 173 ہے جبکہ 38 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں وہ 63 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/08/2022 - 12:19:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :