اولمپئین افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی گلشن اقبال کا تزئین وآرائش کے بعد افتتاح کر دیا گیا

ضلع شرقی میں درسی سرگرمیوں کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں، رحمت اللہ شیخ

جمعرات 29 ستمبر 2022 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2022ء) ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ ضلع شرقی میں تدریسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں ،اس سلسلے میں پارکوں، میدانوں کو درستگی کی جانب گامزن کیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر توقیر عباس اور اولمپئین افتخار سید کے ہمراہ افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی وپارک کا تزئین وآرائش کے بعد افتتاح کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارک وگراؤنڈز کو خوبصورت بنایا گیا ہے اب اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے اکیڈمی اور محکمہ پارک اپنا کردار ادا کریں، ضلع شرقی میں تعیناتی کے پہلے روز سے تدریسی وصحت مندانہ سرگرمیوں کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہا ہوں کوشش ہے کہ ضلع شرقی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے جو بھی کیا جاسکتا ہے کیا جائے، بچوں ونوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے ہی یہ کام بہترین طریقے سے سر انجام دیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اولمپئین افتخار سید نے اس موقع پر کہا کہ رحمت اللہ شیخ مثالی ایڈمنسٹریٹر ہیں ان کے دور میں بلدیاتی خدمات میں بہتری آنے کے ساتھ اسپورٹس سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، اسی طرح خدمات سر انجام دی جاتی رہیں تو ضلع شرقی سہولیات سے آراستہ ڈسٹرکٹ ہوگا۔ اس موقع پرایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ نے پارک واکیڈمی کا تفصیلی معائنہ کیا اور موجود بچوں ونوجوانوں سے سہولیات کے متعلق بات چیت کی جس پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا اور بتایا گیا کہ اولمپئین افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی اسوقت کراچی کی بہترین اکیڈمی ہے۔
وقت اشاعت : 29/09/2022 - 21:54:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :