ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کو شکست دے دی

بھارت کی ٹیم آخری اوور میں 124رنز بنا کر آئوٹ ،پاکستان نے میچ میں 13 رنز سے کامیابی حاصل کر لی،ندا ڈار نے نصف سنچری بنانے کے بعد 2 وکٹیں بھی حاصل کیں

جمعہ 7 اکتوبر 2022 23:24

سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2022ء) پاکستان ویمنز ٹیم نے ایشیا کپ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے اگلے ہی دن عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دیدی۔سلہٹ میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔33رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی تاہم کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار پر مشتم تجربہ کار جوڑی نے عمدہ بیٹنگ اور شاندار شراکت سے پاکستان کی معقول مجموعی تک رسائی کی راہ ہموار کی۔

دونوں نے 76 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کے بعد بسمہ کی 32 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ندا ڈار نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور نقابل شکست نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ندا ڈار نے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے دیپتی شرما 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہیں جبکہ پوجا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سامنے بھارتی خواتین بلے باز مسلسل جدوجہد کرتی نظر آئیں، جس کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ مستقل بڑھتا رہا۔ریچا گھوش نے اختتامی اوورز میں تین چھکوں سمیت کچھ مزاحمت دکھائی لیکن ان کی 13 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز بھی پاکستان کی فتح کی راہ میں حائل نہ ہو سکی۔دیگر بھارتی بلے بازوں میں دیلان ہیمالتھا نے 20، سمریتی مندھانا نے 17، دیپتی شرما نے 16 جبکہ میگھنا نے 15 رنز بنائے۔بھارت کی ٹیم آخری اوور میں 124رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ میں 13 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے عمدہ بیٹنگ کے بعد شاندار بائولنگ بھی کی اور 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نشرہ سندھو 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بائولر رہیں۔
وقت اشاعت : 07/10/2022 - 23:24:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :