پہلے ورلڈ کپ جیت کر آئیں پھر سوشل میڈیا استعمال کریں، یونس خان کا قومی کھلاڑیوں کو مشورہ

توجہ صرف کارکردگی پر مرکوز ہونا چاہیے، نقل کیلئے بھی عقل ضروری ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 نومبر 2022 11:37

پہلے ورلڈ کپ جیت کر آئیں پھر سوشل میڈیا استعمال کریں، یونس خان کا قومی کھلاڑیوں کو مشورہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 نومبر 2022ء ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی سیمی فائل میں رسائی مشکل ہوگئی ہے، گرین شرٹس کو سپر فور میں پہنچنے کے لیے جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کو بھاری مارجن سے شکست دینے کے بعد بھی بہتر رن ریٹ درکار ہوگا۔ قومی ٹیم گروپ مرحلے میں اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جب کہ پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دی ہے بھارت اور زمبابوے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم قومی کھلاڑی پریکٹس سیشن کے دوران یا پھر جیت کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہیں۔ سابق کپتان یونس خان نے قومی کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کے دوران سوشل میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ’ہونا تو یہ چاہیے کہ پہلے ٹیم میگا ایونٹ جیت کر آجائیں پھر کھلاڑی سوشل میڈیا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

‘ انہوں نے بتایا کہ ’مداح کہتے ہیں کہ آپ سوشل میڈیا پر آجائیں لیکن میں پھر بھی کم ہی ٹوئٹس کرتا ہوں لیکن دیکھ رہا ہوں آج کل بہت سے کرکٹرز ایونٹس کے دوران ٹوئٹس کررہے ہوتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ ’کھلاڑی پہلے اپنی تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر رکھیں جب واپس آئیں تو بتائیں کہ ہم نے کیا کچھ حاصل کیا اور کہاں خامیاں ہوئی ہیں تب سوشل میڈیا استعمال کرنا اچھا بھی لگے گا۔

یونس خان نے کہا کہ یہ سلسلہ نیٹ فلیکس سے شروع ہوا تھا مگر نقل کیلیے بھی عقل چاہیے، ٹریول ڈائریز ہم بھی بناتے تھے مگر اس کا طریقہ یہ ہے کہ ورلڈکپ جیت کر آئیں تو اپنی جدوجہد کے مختلف مراحل کی ویڈیو جاری کریں۔ یونس خان نے کہا کہ ویرات کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہوئی تو ان کو خوش ہونا چاہیے تھا مگر انھوں نے بْرا منایا کہ پرائیویسی میں دخل اندازی کیوں ہوئی، ہمارے ہاں باہر نکلتے ہی بتا دیتے ہیں کہ میں کمرے میں تھا اب باہر آگیا ہوں۔ واضح رہے کہ تین نومبر کو گرین شرٹس پروٹیز سے ٹکرائیں گے اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 02/11/2022 - 11:37:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :