ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف

شان مسعود کے 38 رنز، سیم کیرن کے 3 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 13 نومبر 2022 14:44

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 نومبر 2022ء ) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستانی اوپنرز نے میچ کی ابتدائی گیند نوبال ہونے کے باوجود محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ ابتدائی تین اوورز میں 16 رنز کے بعد تیسرے اوور میں اوپنرز نے نسبتاً تیز سکور کیا اور کرس ووکس کے اوور میں 12 رنز بٹورے۔

اوپنرز نے پاکستان کو 29 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر محمد رضوان سیم کیرن کا شکار بن گئے۔ عادل رشید نے 45 کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ حاصل کی جب محمد حارث 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود اور بابراعطم نے مل کر سکور کو 84 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور عادل رشید کی گیند پر بابر اعظم انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے، انہوں نے 28 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

عال رشید نے وکٹ میڈن اوور کرایا اور اگلے اوور میں افتخار بھی 6 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے بین سٹوکس کی وکٹ بن گئے۔ شاداب خان اور شان مسعود نے پانچویں وکٹ کے لیے 36 رنزجوڑے لیکن شان ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں لیام لیونگسٹن کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 27 گیندوں میں 38 رنز بنائے۔ شاداب بھی 20 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کا شکار بنے۔

نواز کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ بھی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد وسیم نے 8 گیندوں پر 4 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے۔ اس سے قبل ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میلبرن میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے فائنل میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ عالمی کپ جیتنے کا اچھا موقع ہے، کوشش ہوگی پاکستان کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کریں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم جیت کیلئے پرعزم ہے، کوشش ہوگی، اسکور بورڈ پر بڑا ٹارگٹ لگائیں اور انگلش ٹیم کو پریشر میں لائیں۔ دوسری جانب محکمہ موسیمات کا کہنا ہے کہ میلبرن میں کہیں دھوپ اور کہیں بادل تاحال موجود ہیں لیکن بارش کے امکانات 95 سے کم ہوکر 45 فیصد پر آگئے ہیں۔ پاکستان کا سکواڈ کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ کا سکواڈ کپتان جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس جارڈن، کرس ووکس اور عادل رشید پر مشتمل ہے ۔ 
وقت اشاعت : 13/11/2022 - 14:44:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :