5 روزہ بی ڈبلیو ایف لیول ون بیڈمنٹن کوچنگ کورس کا آغاز ہو گیا

پیر 28 نومبر 2022 21:01

5 روزہ بی ڈبلیو ایف لیول ون بیڈمنٹن کوچنگ کورس  کا آغاز ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2022ء) سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے باہمی تعاون سے5 روزہ بی ڈبلیو ایف لیول ون بیڈمنٹن کوچنگ کورس نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا ۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے بیڈ منٹن کوچنگ کورس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر واجد علی چودھری، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین،جنرل سیکرٹری پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل،صوبائی کوچز شائستہ قیصر، زرینہ وقار ودیگر بھی موجود تھے۔

کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ بیڈمنٹن کوچنگ کورس کا انعقاد احسن اقدام ہے جس پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتاہوں، کورس میں ملائیشیا کے سینئر ڈویلپنٹ آفیسر بیڈمنٹن ایشیا سمبنتھن سواپرومل کوچز اور سابق کھلاڑی کو تربیت دے رہے ہیں،کوچنگ کورس مثبت سرگرمی ہے جس سے کوچز اور سابق کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے 16کوچز اور سابق کھلاڑی شریک ہیں، کوچنگ کورس سے استفادہ کرنے والے سینئر کوچز اور سابق کھلاڑی نئے کھلاڑی تیار کریں اور جونیئر کوچز کی بھی تربیت کریں۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب بیڈمنٹن کے فروغ کیلئے فیڈریشن سے ہر طرح سے تعاون کررہا ہے۔محمد طارق قریشی نے مزیدکہا ہے کہ کوچز اورسابق کھلاڑی محنت اور لگن سے ملائیشئن کوچ سے سیکھیں،کوچنگ کورس سے ملنے والی معلومات مستقبل میں انکے کام آئیں گی۔

پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے صدر واجد علی چودھری نے کہا ہے کہ بیڈمنٹن کے فروغ کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کے تعاون پر انکے شکرگزار ہیں، ملائیشیئن کوچ سمبنتھن سواپرومل کے مشکور ہیں جنہوں نے وقت نکالا اور ہمارے کوچز کو تربیت دے رہے ہیں،بیڈمنٹن کوچنگ کورس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ملائیشیا کے سینئر ڈویلپنٹ آفیسر بیڈمنٹن ایشیا سمبنتھن سواپرومل نے کہا ہے کہ ہماری خواہش تھی کہ ہم پاکستان کیلئے کچھ کرسکیں،آج موقع مل گیا ہے،پاکستانی کوچز اور سابق کھلاڑیوں کو بیڈمنٹن میں نئی ہونیوالی تبدیلیوں سے آگاہ کریں گے تاکہ پاکستان بیڈمنٹن کے کھیل میں آگے آئے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی کوچز بہت باصلاحیت ہیں، ان کی لگن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، گزشتہ چند سالوں سے 7 اسلامی ممالک نے بھی بیڈمنٹن کا کھیل شروع کردیا ہے جو کہ خوش آئند ہ ہے۔
وقت اشاعت : 28/11/2022 - 21:01:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :