آسٹریلیا ،بھارت بارڈر گواسکر سیریز کا پہلا ٹیسٹ فلپ ہیوگز کے نام

پیر 8 دسمبر 2014 15:05

آسٹریلیا ،بھارت بارڈر گواسکر سیریز کا پہلا ٹیسٹ فلپ ہیوگز کے نام

ایڈیلیڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -8 دسمبر 2014ء ) بھار ت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ مکمل طور پر فلپ ہیوگز کے نام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، آنجہانی بلے باز کو مختلف انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ، کھلاڑیوں کی شرٹس پر ہیوگز کی ٹیسٹ کیپ کا نمبر 408درج ہوگا ،میچ شروع ہونے سے قبل خصوصی فلم بھی چلائی جائے گی ،گراؤنڈ پر موجود تمام شائقین ہیوگز کے آخری سکور 63ناٹ آؤٹ کی مناسبت سے اتنے ہی منٹ خاموش رہیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق فرسٹ کلاس میچ کے دوران سین ایبٹ کا باؤنسر لگنے سے فلپ ہیوگز کی المناک موت کے بعد منگل سے آسٹریلیا میں انٹر نیشنل کرکٹ کا آغاز ہوگا ۔بھارت کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا ،اگر ہیوگز زندہ ہوتے تو ان کے اس میچ کا حصہ بننے کا امکان موجود تھا لہذا اب یہ ایک طرح سے ان کی یاد میں کھیلا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا نے ٹیسٹ میچ کے دوران ہیوگز کو مختلف طریقوں سے خراج عقیدت پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اسکے تما م کھلاڑی اپنی شرٹس پر 408کا ہندسہ درج کرکے میدان میں اتریں گے جو دراصل ہیوگز کی ٹیسٹ کیپ کا نمبر ہے ۔ میچ کے آغاز پر فیلڈ پر درج 408کے ہندسے کے سامنے آسٹریلیا اور بھارت کے کھلاڑی جمع ہوں گے اور اس موقع پر گراؤنڈ میں نصب سکرین پر ہیوگز کے حوالے سے ایک وڈیو دکھائی جائے گی جس میں آواز سابق ٹیسٹ کپتان او ر معروف کمنٹیٹر رچی بینیو کی ہوگی ۔

وڈیو کے اختتام پر سٹیڈیم میں موجود شائقین سے 63سیکنڈ کے لیے خاموش رہنے کا کہا جائے گا جو دراصل ہیوگز کا آخری سکور تھا جب انہیں گیند لگی۔مقامی اخبارات کی جانب سے ایک خصوصی ضمیمہ بھی چھاپا جائے گا جس کے اوپر بڑے حروف میں ’’فلپ ہیوگز 63ناٹ آؤٹ ‘‘ درج ہوگا ،یہ عبارت شائقین میچ کے دوران اپنے ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے ہوں گے ۔

وقت اشاعت : 08/12/2014 - 15:05:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :