2019ء میں امریکہ کی نمائندگی کے لیے بڑی رقم کی پیشکش ٹھکرائی، جنید خان کا انکشاف

33 سالہ فاسٹ بولر نے مستقبل میں کوچنگ کیرئیر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ، وہ انگلینڈ میں لیول III کی کوچنگ کا کورس ختم کرنے والے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 جنوری 2023 16:03

2019ء میں امریکہ کی نمائندگی کے لیے بڑی رقم کی پیشکش ٹھکرائی، جنید خان کا انکشاف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جنوری 2023ء ) فاسٹ باؤلر جنید خان نے اپنے کرکٹ کیریئر اور بین الاقوامی میدان میں واپسی کے لیے اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کی ہے۔ جنید خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں 2019ء کے ورلڈ کپ کے بعد امریکا میں کرکٹ کھیلنے کی پیشکش ہوئی تھی تاہم وہ قومی ٹیم میں واپسی کی امید کر رہے تھے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہیں اس سے کہیں زیادہ رقم کی پیشکش کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ فاسٹ بولر نے مستقبل میں کوچنگ کیرئیر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ انگلینڈ میں لیول III کی کوچنگ کا کورس ختم کرنے والے ہیں۔ صوابی میں پیدا ہونے والے فاسٹ باؤلر نے 13-2012ء میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستان کے ٹاپ بیٹنگ آرڈر کو تباہ کرکے اپنی پہچان بنائی ۔

(جاری ہے)

باصلاحیت پیسر آسٹریلیا میں 2015ء ورلڈ کپ سے قبل لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور انہیں قومی اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا تھا۔

جنید نے 2017ء کی چیمپئنز ٹرافی میں 4 میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کیں جن میں سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 42 رنز کے عوض 2 وکٹیں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے آخری بار 2019ء میں پاکستان کے دورہ انگلینڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی تھی۔ مجموعی طور پر، بائیں ہاتھ کے بولر نے پاکستان کے لیے 22 ٹیسٹ میچز میں 31.73 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کیں، جس میں پانچ مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ جنید خان نے 76 ون ڈے میچوں میں 29.23 کی اوسط سے 110 وکٹیں حاصل کیں، جس میں بھارت کے خلاف 12 رنز کے عوض 4 وکٹوں کا تباہ کن سپیل بھی شامل ہے۔ T20I میں انہوں نے 9 میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 04/01/2023 - 16:03:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :