ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

دو دہائیوں پر محیط فرسٹ کلاس کیریئر میں ہاشم نے پروفیشنل فارمیٹس میں مجموعی طور پر 34104 رنز بنائے،انھیں ملکی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ کیلئے بھی فیورٹ سمجھا جارہا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 جنوری 2023 11:48

ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
کیپ ٹاون (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جنوری 2023ء ) جنوبی افریقہ کے اسٹار کرکٹر ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ہاشم آملہ نے 2019ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ انگلش کاؤنٹی میں کھیلتے نظر آتے تھے، تاہم اب انہوں نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔39 سالہ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کہ جس میں اُنہوں نے 46.64 کی اوسط سے 9282 رنز بنائے، جس میں 28 سنچریاں بھی شامل تھی، جیک کیلس کے بعد وہ اس فارمیٹ میں جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کرنے والے بیٹر ہیں۔

ہاشم آملہ کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا سکور 311رنز ناٹ آؤٹ ہے جو اُنہوں نے 2012ء میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں بنایا تھا، وہ ٹرپل سنچری سکور کرنے والے جنوبی افریقا کے واحد بیٹر بھی ہیں۔

(جاری ہے)

ہاشم آملہ نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 18672 رنز سکور کیے ، اُنہوں نے جنوبی افریقا کی جانب سے 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹونٹی بھی کھیلے ہیں۔ انہوں نے 181 ون ڈے میچز میں 27 سنچریوں کی مدد سے 8113 رنز بنائے جبکہ 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 1277 رنز اسکور کیے۔

دو دہائیوں پر محیط فرسٹ کلاس کیریئر میں ہاشم آملا نے پروفیشنل فارمیٹس میں مجموعی طور پر 34104 رنز بنائے۔ وہ ایس اے 20 میں سردست ایم آئی کیپ ٹاؤن کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھالے ہوئے ہیں، انھیں ملکی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ کیلیے بھی فیورٹ خیال کیا جارہا ہے۔
وقت اشاعت : 19/01/2023 - 11:48:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :