پاکستان ویمن ٹیم کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں سفر تمام

انگلینڈ ویمن ٹیم نے پاکستان کو بڑے مارجن سے شکست دے دی، قومی ٹیم اس سے قبل بھارت اور ویسٹ انڈیز سے بھی شکست کھاچکی ہے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 21 فروری 2023 21:58

پاکستان ویمن ٹیم کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں سفر تمام
کیپ ٹاون ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 فروری 2023ء ) پاکستان ویمن ٹیم کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں سفر ختم ہو گیا۔ انگلینڈ نے پاکستان کو بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ پاکستان ویمن ٹیم اس سے قبل بھارت اور ویسٹ انڈیز سے بھی شکست کھاچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ویمن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

انگلش ٹیم کی دو وکٹیں 22 رنز پر گرگئیں تاہم اس کے بعد ڈینی ویاٹ اور نیٹ شیور برنٹ نے جارحانہ بیٹنگ کی، ڈینی 33 گیندوں پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ برنٹ نے 40 گیندوں پر 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ایلس کیپسی 6 اور انگلش کپتان ہیتھر نائٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ایمی جونز نے 47 رنز اسکور کئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 2، سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور طوبیٰ حسن نے ایک ایک شکار کیا۔

پاکستان ویمن ٹیم 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بناسکی۔ قومی ٹیم کی 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکیں۔ صدف شمس صفر، منیبہ علی 3، عمیمہ سہیل 9، سدرہ امین 12، ندا ڈار 11، عالیہ ریاض 5، سدرہ نواز 3، طوبیٰ حسن 28 اور نشرح سندھو ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ کیتھرین شیور برنٹ اور چارلی ڈین نے 2، 2 جبکہ نیٹ شیور برنٹ، سارہ گلین اور صوفی ایکل اسٹین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیٹ شیور برنٹ کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ بنادیا۔ ندا ڈار ویمن ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں۔ ندا ڈار نے آج انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کی انیسہ محمد کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پاکستانی اسپنر نے ویمن ٹی ٹوئنٹیز میں مجموعی 126 وکٹیں حاصل کرلیں۔ ویسٹ انڈیز کی بولر نے 125 جبکہ آسٹریلیا کی ایلیس پیری نے 122 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
وقت اشاعت : 21/02/2023 - 21:58:24