34ویں قومی کھیلو ں میں فیسکو کی اتھلیٹس ایشا عمران اور ملہان امتیازنے گولڈ میڈلزاورچاندی کے تمغے جیت لئے

ہفتہ 10 جون 2023 17:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2023ء) ایچ ای سی کے زیر اہتمام کوئٹہ میں منعقد ہونیوالی 34ویں کل پاکستان نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیسکو کی اتھلیٹس ایشا عمران اور ملہان امتیازنے گولڈ میڈلزاورچاندی کے تمغے جیت لئے۔ایشا عمران نے 100میٹر، 200میٹر اور 400میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ قومی کھیلوں کی تیز ترین اتھلیٹ ہونے کے اعزاز بھی حاصل کیاجبکہ ملہان امتیاز نے ہپاتھلان 4x100میٹر میں گولڈ اور 200میٹر میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی مذکورہ اتھلیٹس ایشا عمران اور ملہان امتیاز کے اعزاز میں فیسکو ہیڈ کوارٹرفیصل آباد میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہا کہ فیسکوواپڈا کھیلوں کی ترقی و ترویج کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گاجبکہ فیسکوواپڈا کی کھلاڑیوں نے اپنے محکمہ کا قو می اور بین الاقوامی سطح پر نام روشن کیا ہے جو ہم سب کیلئے قابل فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں اتھلیٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور منیجر واپڈا اتھلیٹکس ٹیم وہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ فیسکوواپڈا کے کھلاڑی اپنے ملک کا نام پوری دنیا میں مزید روشن کریں۔ تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹوفیسکو انجینئربشیراحمدنے ایشا عمران اور ملہان امتیاز کو نقد انعام بھی دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی آر طاہرشیخ، سٹاف آفیسر عابد رشید، سپورٹس آفیسر محمد ساجد،اتھلیٹکس ٹیم کوچ شگفتہ نورین اوراتھلیٹکس ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر سجاد محمود بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 10/06/2023 - 17:06:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :