ویسٹ انڈیز پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہو گیا

اسکاٹ لینڈ نے 2 بار کی سابقہ عالمی چیمپئن کو کوالیفائرز راونڈ کے میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 1 جولائی 2023 20:09

ویسٹ انڈیز پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہو گیا
ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی2023ء) ویسٹ انڈیز پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہو گیا، اسکاٹ لینڈ نے 2 بار کی سابقہ عالمی چیمپئن کو کوالیفائرز راونڈ کے میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں دنیائے کرکٹ کی سپر پاور کہلانے والی، دنیائے کرکٹ کی پہلی عالمی چیمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز پہلی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہو گئی ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز 2023ء میں سپر سِکس کے تیسرے میچ میں سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سابق عالمی چیمپئن کو ورلڈکپ میں شرکت کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ سکاٹ لینڈ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ 2023ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے باہر کی۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اچھا کھیل پیش نہ کر سکی اور 44ویں اوور میں اپنی ساری وکٹیں گنوا بیٹھی، سکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 182 رنز کا آسان سا ہدف ملا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب ہولڈر نے سب سے زیادہ 45 رنز کی اننگز کھیلی، رومیریو شیفرڈ 36 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ برینڈن کنگ 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے 182 رنز کا ہدف 43.3 اوورز میں حاصل کرلیا، سکاٹ لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس نے ناقابل شکست 74 رنز کی اننگز کھیلی، برینڈن میکولن 69 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 01/07/2023 - 20:09:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :