گال ٹیسٹ، پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

امام الحق کی ناقابل شکست نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جولائی 2023 10:39

گال ٹیسٹ، پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
گال (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جولائی 2023ء ) گال ٹیسٹ کے 5ویں روز پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر 2 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔ پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ امام الحق 50 اور آغا سلمان 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کھیل کے آخری روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز کے ساتھ آغاز کیا ۔

بابر 24 رنز بناکر برباتھ جے سوریا کا شکار بنے، بعدازاں سعود شکیل 30 اور سرفراز احمد ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی جانب سے پرباتھ جے سوریا نے 4 اور رمیش مینڈس نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل چوتھے روز سری لنکن ٹیم کی اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 48 رنز بنالیے ۔

(جاری ہے)

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی توعبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ نعمان علی صفر پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر امام الحق اور کپتان بابر اعظم کریز پر موجود ہیں۔ پربھات جےسوریا نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے 6 اور نشان مدوشکا نے 8 رنز کے ساتھ آغاز کیا۔

میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 42 رنز پر گری جب دیموتھ کرونارتنے 20 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔ نعمان علی نے کوشل مینڈس کو 18 جبکہ اینجیلو میتھیوز کو صرف 7 رنز پر پویلین بھیج دیا ۔ لنچ بریک کے بعد نعمان علی نے نشان مدشکا کو 52 رنز پر آؤٹ کیا۔ ، سری لنکا کی پانچویں وکٹ 159 رنز پر گری جب سلمان آغا کی گیند پر دنیش چندی مال امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، سری لنکا کی اگلی وکٹ بھی سلمان علی آغا کے حصے میں آئی جب سدیراسمارا وکراما نے 11 رنز پر عبد اللہ شفیق کو کیچ دیا۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا 82 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ابراراحمد نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے دو دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ اس سے قبل گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 461 رنز بناکر پوویلین لوٹ گئی ۔ کھیل کے تیسرے روز سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے ٹیسٹ میں چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے طویل شراکت داری کی۔

سلمان علی آغا 83 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی اور سری لنکا میں ڈبل سنچری بنانیوالے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پراباتھ جےسوریا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کسون رجیتھا اور وشوا فرنینڈو نے ایک ایک بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دھننجایا ڈی سلوا نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔ دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 20/07/2023 - 10:39:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :