سلمان بٹ ‘ محمد آصف کی طرف سے سزا میں کمی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کیلئے دی گئی درخواست مسترد

جمعہ 6 فروری 2015 18:58

سلمان بٹ ‘ محمد آصف کی طرف سے سزا میں کمی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کیلئے دی گئی درخواست مسترد

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کی طرف سے سزا میں کمی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کیلئے دی گئی درخواست مسترد کردی گئی ۔آئی سی سی کی جانب سے فاسٹ بالر محمد عامر کی سزا میں نرمی اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دئیے جانے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مانگنے کے ساتھ ساتھ سزا میں کمی کی درخواست بھی کی تھی۔

نجی ٹی وی نے باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ ان دونوں کھلاڑیوں کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھتا کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی آخری وقت اپنا جرم ماننے سے انکاری تھے۔اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ عامر کے ساتھ نرمی برتنے کی ایک یہ ہے کہ انہوں نے ابتدا ء میں ہی اپنی غلطی مان لی تھی اور ایک عرصے تک آئی سی سی کے بحالی کے پروگرام کا حصہ رہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے آخر تک ناصرف اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کیا بلکہ اس پر ندامت اور شرمندگی کا اظہار بھی نہیں کیا، یہی وجوہات ہیں کہ ان دونوں کھلاڑیوں کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ سلمان بٹ نے گزشتہ دنوں اپنے وکیل کے توسط سے پاکستان کرکٹ بورڈکو ایک خط تحریر کیا۔خط میں سابق کپتان نے پی سی بی سے سوال کیا کہ عامر بھی ان کے ساتھ سزا یافتہ تھے تو انہیں کس بنیاد پر یہ مراعات دی گئیں؟۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سلمان کے خط کے جواب میں ان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی گئی، آپ نے جرم کیا اس کی سزا بھگت رہے ہیں اور محمد عامر کو آئی سی سی کے قوانین کے اندر رہتے ہوئے نرمی دی گئی۔یاد رہے کہ محمد عامر نے تقریباً تین سال قبل اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے آئی سی سی کو اس جرم میں شریک افراد کے نام بتائے اور آئی سی سی کے بحالی کے عمل کا حصہ بننے کے ساتھ ساتھ لیکچر بھی لیے۔

2010 میں لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے بدنام زمانہ ٹیسٹ میچ میں پیسوں کے عوض جان بوجھ کر نوبال کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 ء میں سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔تینوں کھلاڑیوں پر جرم ثابت ہونے پر انہیں جیل بھیجنے کے ساتھ ساتھ سلمان بٹ کو 10 سال، محمد آصف کو 7سال اور محمد عامر کو 5سال سزا سنائی گئی تھی۔

وقت اشاعت : 06/02/2015 - 18:58:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :