ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میزبان ملک نے ورلڈکپ میچز کے انعقاد سے معذرت کر لی

میگا ایونٹ کے آغاز سے صرف چند ماہ قبل اس تازہ ترین پیش رفت نے آئی سی سی کیلئے بڑی مشکلات کھڑی کر دیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 دسمبر 2023 00:07

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میزبان ملک نے ورلڈکپ میچز کے انعقاد سے معذرت کر لی
ڈومینیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2023ء) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میزبان ملک نے ورلڈکپ میچز کے انعقاد سے معذرت کر لی، میگا ایونٹ کے آغاز سے صرف چند ماہ قبل اس تازہ ترین پیش رفت نے آئی سی سی کیلئے بڑی مشکلات کھڑی کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد کے حوالے سے آئی سی سی کو بحرانی کیفیت کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچز کی میزبانی کیلئے منتخب کیے گئے ایک ملک نے ورلڈکپ کے میچز کے انعقاد سے معذرت کر لی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے آئندہ سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے امریکا اور ویسٹ انڈیز کو میزبانی سونپی گئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کے 7 ممالک کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان 7 ممالک میں سے اب ڈومینیکا کی حکومت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز کی میزبانی سے معذرت کرلی۔

اس حوالے سے ڈومینیکا حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ونڈسر پارک سپورٹس سٹیڈیم اور بینجمن پارک دونوں جگہوں پر متعدد ٹھوس اقدامات کئے گئے جن میں میچز کے مقامات کی اپ گریڈیشن اور اضافی پچز کا کام شامل ہے، تاہم مختلف ٹھیکیداروں کی طرف سے دی گئی ٹائم لائنز سے پتہ چلتا ہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ان کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنا ممکن نہیں ہو گا۔

اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کسی بھی میچ کی میزبانی نہ کی جائے۔ دوسری جانب اس تمام صورتحال میں تاحال آئی سی سی کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کو ویسٹ انڈیز، امریکا سے انگلینڈ منتقل کر سکتا ہے، تاہم بعد ازاں آئی سی سی نے ایسی خبروں کی تردید کر دی تھی۔
وقت اشاعت : 01/12/2023 - 00:07:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :