سڈنی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی

عامر جمال ، رضوان اور آغا سلمان کی نصف سنچریاں، کمنز کی 5 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 جنوری 2024 11:53

سڈنی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 جنوری 2024ء ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی جبکہ آسٹریلوی ٹیم پہلے روز محض ایک اوور بیٹنگ کرسکی۔ پاکستان کی جانب سے اننگ اوپن کرنے کیلئے آنے والے دونوں ہی بیٹر عبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

عبداللہ شفیق دو گیندیں کھیلنے کے بعد سٹارک کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صرف دو ہی گیندیں کھیلنے کے بعد صائم ایوب بھی ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ہاتھوں میں کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کو پانچواں نقصان سعود شکیل کی صورت میں ہوا جو 5 رن کے مہمان ثابت ہوئے، 5 وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 10ویں وکٹ کی شراکت میں عامر جمال اور میر حمزہ نے 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کا سکور 313 رنز تک پہنچایا۔ عامر جمال نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ نیتھن لائن کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 4، مچل اسٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون سے امام الحق کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو آرام دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ان دونوں کے متبادل کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں صائم ایوب اور ساجد خان کو جگہ ملی ہے۔ سڈنی ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 03/01/2024 - 11:53:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :