قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم فاسٹ بولر انجری کا شکار ہوکر تیسرے ٹی ٹونٹی سے باہر

عباس آفریدی کے ایم آر آئی اسکین میں کوئی بڑی انجری کی تشخیص نہیں ہوئی : پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 جنوری 2024 10:51

قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم فاسٹ بولر انجری کا شکار ہوکر تیسرے ٹی ٹونٹی سے باہر
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2024ء ) نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ سے قبل قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عباس آفریدی انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق نوجوان فاسٹ بولر عباس آفریدی پٹھوں میں کھچاؤ کی وجہ سے کیویز کیخلاف تیسرے ٹی20 میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ فاسٹ بولر کے ایم آر آئی اسکین میں کوئی بڑی انجری کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم انہیں تیسرے میچ میں آرام کروایا جائے گا جب کہ اگلے دو میچز کے حوالے سے فیصلہ بھی جلد کرلیا جائے گا۔

عباس آفریدی کی تیسرے میچ میں غیر موجودگی ٹیم کے لیے ایک اہم دھچکا ہے کیونکہ آفریدی جو کہ پانچ وکٹوں کے ساتھ موثر اور کفایت شعار رہے ہیں ،کل کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کے خلاف بقیہ ٹی20 میچز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہیمسٹرنگ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ سیریز کے دوسرے ٹی20 میں کین ولیمسن 15 گیندوں پر 26 رنز بنا کر انجری کے باعث ریٹائرڈ ہٹ ہوگئے تھے جب کہ ان کے بعد ٹیم کی قیادت ٹم ساؤتھی نے کی تھی۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ میچز کی سیریز کے پہلے 2 میچز جیت لیے ہیں جب کہ تیسرا میچ کل صبح پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔                                                        
وقت اشاعت : 16/01/2024 - 10:51:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :