رمیز راجا کا کھلاڑیوں کو بیگمات کو ٹور پر ساتھ نہ لیکر جانے کا مشورہ

میرا ماننا ہے کہ بیویاں بیچاریاں یونہی زد میں آجاتی ہیں ،میں ایک ٹور میں بھی اپنی بیگم کو ساتھ لے کر نہیں گیا : سابق کرکٹر کا پوڈ کاسٹ انٹرویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 27 فروری 2024 11:26

رمیز راجا کا کھلاڑیوں کو بیگمات کو ٹور پر ساتھ نہ لیکر جانے کا مشورہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 فروری 2024ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے کھلاڑیوں کو بیویوں کے ہمراہ ٹور پر لیجانے پر لب کشائی کردی۔ معروف کمنٹیٹر رمیز راجا نے ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری ذاتی رائے میں کھلاڑیوں کو بیگمات کے ہمراہ ٹور پر نہیں جانا چاہیے، کیونکہ ان کا کرکٹ سے فوکس ہٹ کر دوسری جگہ چلا جاتا ہے، کھلاڑی بیویوں کو شاپنگ کروانے اور بچوں کی دیکھ بھال میں لگ جاتے ہیں جس سے ان کا ردھم خراب ہوتا ہے۔

رمیز راجا نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس پر بیویاں خوامخواہ تنقید کی زد میں آتی ہیں، میں ایک ٹور میں بھی اپنی بیگم کو ساتھ لے کر نہیں گیا کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ اہلیہ کی وجہ سے میرا فوکس کرکٹ سے ہٹ جائے گا۔

(جاری ہے)

رمیز راجا نے کہا میں اب کرکٹ نہیں کھیلتا کمنٹری کرتا ہوں لیکن اگر میں اب بھی اہلیہ کو لے جاؤں تو ہوسکتا ہے کہ جو 8 گھنٹے میں کمنٹری کے دوران ہنستا مسکراتا نظر آتا ہوں، بیوی کے سامنے پہنچ کر میرا منہ اکڑ جائے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کرنا تو کھلاڑیوں کو بٹھا دیتا ہے، اگر آپ سٹیڈیم میں اچھی پرفارمنس نہ دے سکے تو ہوٹل پہنچ کر آپ کو اہلیہ کو باہر لیکر جانا ہے، بچوں کی بھی دیکھ بھال کرنی ہے ایسے میں آپ کا موڈ خراب ہوتا ہے۔ رمیز راجا نے مشورہ دیا کہ میرے خیال میں کھلاڑیوں کو چاہیے کہ ٹور کے بعد ایک ہفتے تک فیملی کے ساتھ وہیں رک جائیں تاکہ آپ خوشگوار زندگی بھی گزار سکیں۔
وقت اشاعت : 27/02/2024 - 11:26:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :