ْپاکستان سپر لیگ ،لاہور قلندرز کی شکستوں کا سلسلہ نہ تھم سکا ، ملتان سلطانز نی60 رنز سے پچھاڑ دیا

عثمان خان نی55 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96رنز بنائے ،اسامہ میر کی40 رنز دے کر 6 شکار ملتان سلطانز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے،لاہورقلندرز کی ٹیم 17 اووروں میں 154 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی

منگل 27 فروری 2024 23:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) پاکستان سپر لیگ کی14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو60 رنز سے شکست دیدی، لاہور قلندر ز کوایونٹ میں مسلسل چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا، عثمان خان نی55 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96رنز بنائے ،اسامہ میر نے 4 اوورزمیں 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورزمیں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا اورپہلے اوور کی پانچویں گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے ،کپتان محمد رضوان بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے ۔

(جاری ہے)

دوسری وکٹ 74 رنز پر گری جب ریزا ہینڈرکس 27 گیندوں پر 40 رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر صاحبزاہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 151 کے مجموعے پر گری جب طیب طاہر 21 رنز بنا کرکارلوس بریتھ ویٹ کی گیند پر جہاں داد خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو کر میدان بدر ہوئے ۔

عثمان خان اور افتخار احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں137 رنز کا اضافہ کیا ۔ چوتھی وکٹ 211 رنز پر گری جب عثمان خان 55 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پرسلمان فیاض کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ افتخاراحمد 18 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، سکندر رضا اور کارلوس بریتھ ویٹ نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔

215 رنز کے ہدف کے حصول کے لیے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 17 اووروں میں 154 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔صاحبزاہ فرحان اور فخرزمان نے لاہور قلندرز کو اچھا آغاز فراہم کیا ،پہلی وکٹ54 رنز پر گری جب فخرزمان23 رنز بناکر آفتاب ابراہیم کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ دوسری وکٹ 56 رنز پر گری جب صاحبزاہ فرحان 31 رنز بنا خوشدل خان کی گیند پر آفتاب ابراہیم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے ۔

لاہور قلندرز کو تیسرا نقصان 89 رنز پر اٹھانا پڑاجب کامران غلام 12 رنز بنا کر فیصل اکرم کی گیند پر طیب طاہر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ چوتھی وکٹ107 رنز پر گری جب سکندر رضا 17 رنز بنا کر فیصل اکرم کی ہی گیند پر ہینڈرکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ لاہور قلندرز کو پانچواں نقصان شاہین شاہ آفریدی کی صورت میں اٹھانا پڑا جو انفرادی 9رنز پر اسامہ میر کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں سٹیمپڈ آئوٹ ہوئے ۔

اس موقع پر مجموعی سکور 120 تھا۔ چھٹی وکٹ 131 رنز پر گری جب رسی وینڈر ڈوسن30 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ ساتویں وکٹ 132 رنز پر گری جب جارج لنڈے 5 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ اس سے اگلی گیند پر جہاں داد خان بغیر کوئی سکور بنائے اسامہ میر کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔

نویں وکٹ 152 رنز پر گری جب سلمان فیاض 8 رنز بناکراسامہ میر کی گیند پرمحمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی زمان خان تھے جو ایک سکور بنا کر اسامہ میر کی گیند پر طیب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میرنے 6 ،فیصل اکرم نے 2 ، خوشدل شاہ، اور آفتاب ابراہیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔عثمان خان کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈیا گیا ۔
وقت اشاعت : 27/02/2024 - 23:10:05