محمد عامر اور عماد وسیم کے بعد ایک اور معروف کھلاڑی نے میدان میں واپسی کا اعلان کر دیا

ڈراؤنا خواب بھلا چکا‘، دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے ،کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہونا بہت ضروری ہے: کرکٹر عمران نذیر کی گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 30 مارچ 2024 12:34

محمد عامر اور عماد وسیم کے بعد ایک اور معروف کھلاڑی نے میدان میں واپسی کا اعلان کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 مارچ 2024ء ) قومی کرکٹر عمران نذیر نے کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے ٹریننگ شروع کر دی ہے اور اب اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ہے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عمران نذیر نے اپنے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہونا بہت ضروری ہے، میں اگر فٹنس لیول حاصل کرتا ہوں تو کیوں اعلیٰ سطح پر کرکٹ نہیں کھیل سکتا، میں چونکہ بہت عرصہ کرکٹ سے باہر رہا ہوں اس لیے مجھے فٹنس کے لیے تھوڑا وقت لگے گا، میں سمجھتا ہوں اور مجھے یقین بھی ہے کہ اگر میں فٹنس اور کرکٹ سکلز پرایک دو ماہ کام کروں تو اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صحت مند ہوا ہوں تو پھر مجھے اللہ کھلا بھی سکتا ہے، میں ضرور ایک دن اچھے لیول کی کرکٹ کھیلوں گا، میری سلو پوائزننگ کی گئی اس کے لیے میں کسی کا نام نہیں لوں گا، بس ان کے لیے دعا کروں گا، میری ریکوری میں بہت ٹائم لگا، 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں آیا، یہ میری زندگی کا ایک ڈراؤنا خواب تھا جسے اب میں بھلا چکا ہوں۔

(جاری ہے)

عمران نذیر کا کہنا تھا کہ زندگی اور صحت ملی ہے اس لیے اب دوبارہ کھیلنا شروع کردیا ہے، میں جاتے جاتے اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں کیونکہ کرکٹ میرا روزگار ہے، میں اپنے بچوں اور نوجوانوں کے لیے انسپائریشن بننا چاہتا ہوں کہ کبھی ہمت نہیں ہارنی چاہیے، ہمیشہ ڈٹے رہنا چاہیے جیسے کہ اب میں ڈٹ گیا ہوں کہ مجھے اچھے لیول کی کرکٹ کھیلنا ہے۔ واضح رہے کہ عمران نذیر 8 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 25 ٹی ٹونٹی میچ کھیل چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 30/03/2024 - 12:34:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :