ضلعی سطح پر فٹ بال کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کی جائے گی، جلال خان آفریدی

منگل 9 اپریل 2024 14:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ویسٹ کراچی کے نومنتخب صدر جلال خان آفریدی نے کہا ہے کہ ضلعی سطح پر فٹ بال کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف کلبوں کےعہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جلال خان آفریدی نے اپنے صدر منتخب کرنے پر تمام کلبوں کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام کلبوں کے عہدیداروں کے معیار پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور میری کوشش ہوگی کہ ضلعی اور کلب سطح پر فٹ بال کو فروغ حاصل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیل بھی ترقی کر سکیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ویسٹ کراچی کے انتخابات میں صدر جلال خان آفریدی، سینئر نائب صدر محمد یوسف، سیکرٹری محمد امجد سربازی اور خزانچی نبی بخش ہوئے تھے۔
وقت اشاعت : 09/04/2024 - 14:16:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :