چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سی ای او نیوزی لینڈ کرکٹ کی ملاقات، پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال

جمعرات 25 اپریل 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سکاٹ وئینک نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز اور آئندہ برس نیوزی لینڈ میں کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے برس چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی، پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ سیریز کے لئے پاکستان آمد پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نیوزی لینڈ کرکٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کیویز کھلاڑیوں کی سکیورٹی بے حد عزیز ہے، کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کیویز کھلاڑی ہمارے مہمان اور ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وہ خود تمام انتظامات اور سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان میں شاندار انتظامات کو سراہا اور چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے راولپنڈی اور لاہور میں بہترین انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے،نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل 3 ملکی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی ۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیراور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 25/04/2024 - 20:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :