پاکستان کرکٹ ٹیم 28 ماہ سے ہوم گرائونڈ پر سیریز میں کامیابی سے محروم

پاکستانی ٹیم آخری 15 ٹی ٹونٹی میچز میں سے صرف تین مقابلے جیت سکی ہے، 10 میچوں میں شکست جب کہ تین میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 اپریل 2024 16:42

پاکستان کرکٹ ٹیم 28 ماہ سے ہوم گرائونڈ پر سیریز میں کامیابی سے محروم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اپریل 2024ء ) نیوزی لینڈ کی کمزور ٹیم نے پاکستانی ٹیم کا سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا ،گرین شرٹس کو اپنی سر زمین پر سیریز جیتے دو سال ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی نو آموز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے چوتھا ٹی ٹونٹی میچ جیت کر گرین شرٹس کے سیریز جیتنے کے ارمانوں کو ٹھنڈا کر دیا اور پاکستان کو اپنی سر زمین پر کسی بھی ملک کے خلاف سیریز جیتے دو سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔

پاکستان گزشتہ 28 ماہ میں ایک بھی کرکٹ سیریز اپنی سر زمین پر نہیں جیت سکی ہے 2022ء اور 2023ء میں قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر فتح کو ترستی رہی اور 2024ء کا آغاز بھی سیریز جیتنے کا خواب ٹوٹنے سے کیا ہے۔ دو سال میں چار ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے لیکن پاکستانی کرکٹ شائقین اپنے ہوم گراؤنڈ پر گرین شرٹس کی سیریز میں فتح کا جشن منانے کو ترس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

2022ء میں انگلش ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور 7 میچوں پر مشتمل سیریز میں 3-4 سے فتح اپنے نام کر کے گئی۔ اسی سال کینگروز سے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بھی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی ٹیم سٹار کھلاڑیوں کے بغیر آئی۔ کمزور ٹیم کا شور مچا لیکن ان کمزور کیویز نے شاہینوں کو فتح کی پرواز کرنے سے روک دیا اور پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

اب رواں سال نیوزی لینڈ کی ٹیم پھر پاکستان آئی مگر ایک دو نہیں بلکہ 10 سپر اسٹار کرکٹرز کے بغیر نوآموز کھلاڑیوں کو ساتھ لائی جس کو کرکٹ ماہرین نے تیسرے درجے کی ٹیم قرار دیا لیکن یہ بچے بھی گرین شرٹس کے بڑوں کو ناکوں چنے چبوا گئے۔ 5 میچوں کی سیریز میں ابتدائی میچ بارش کی نذر ہوا جس کے بعد پہلا میچ پاکستان نے جیتا لیکن نیوزی لینڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں میچز جیت کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔

کیوی ٹیم کی اس فتح سے جہاں شاہینوں کا 2018ء کے بعد نیوزی لینڈ سے سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا وہیں انہیں سیریز بچانے کے بھی لالے پڑ گئے ہیں۔ پاکستان ٹیم آخری 15 ٹی ٹونٹی میچز میں سے صرف تین میچ جیت سکی ہے۔ 10 میچوں میں شکست جب کہ تین میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
وقت اشاعت : 27/04/2024 - 16:42:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :