ایشین تائیکوانڈوچیمپئن شپ میں شرکت کیلئےپاکستانی 22 رکنی دستہ ویتنام پہنچ گیا

اتوار 12 مئی 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) ویتنام کے شہر ڈانانگ میں 14تا 17مئی تک کھیلی جانے والی ایشین تائیکوانڈوچیمپئن شپ میں شرکت کے لیے پاکستان کے کیروگی اورپومزے کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا 22 رکنی دستہ ویتنام پہنچ گیا۔ اتوار کو یہاں موصولہ تفصیلات کے مطابق 14تا15 مئی کو کھیلے جانے والے پومزے ایونٹ کی ٹیم میں امیرحمزہ، شہباز احمد، عادل حسین، مدثر حسین، محمد ممتاز، نائلہ، اقدس اللہ، زینا شیراز اور عثمان سیال کے نام شامل ہیں۔

سید صداقت حسین مینیجر جبکہ ماسٹر سیونگوہ چوئے کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔ 16 تا 17مئی کو ہونے والے کیروگی ایونٹ کیلئے شاہ زیب خان، حمزہ سعید، اختشام الحق، ابوبکر صدیق، ملیحہ علی اور منیشا علی قومی ٹیم کا حصہ ہیں ۔

(جاری ہے)

ماسٹر یوسف کرامی ہیڈ کوچ، ناجیہ رسول کوچ، فیصل ندیم بٹ ٹرینر اور عارف محمود فزیو ہوں گے ۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل(ر) راجہ وسیم احمد، سی ای او عمر سعید، سیکریٹری جنرل مرتضی بنگش بحیثیت آفیشل ٹیم کے ساتھ ہیں۔

ایشین تائیکوانڈ چیمپئن شپ کیلئے قومی تائیکوانڈو ٹیم کیلئے تربیتی کیمپ، این او سی اور مالی معاونت کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنا بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔ پی ٹی ایف کے صدر کرنل(ر)راجہ وسیم احمد اور سی ای او عمر سعیداور سیکریٹری مرتضی بنگش 13 مئی کو ایشیا کی جنرل کونسل میٹنگ میں شرکت کریں گے جہاں وہ فروری 2025میں اسلام آباد میں ساتویں ایشین اوپن تائیکوانڈوچیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے بولی پیش کریں گے۔

ایونٹ کیلئے قومی ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے پی ٹی ایف کے صدر راجہ وسیم احمد کاکہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے غیر ملکی اور قومی کوچز کی نگرانی میں بھرپور ٹریننگ حاصل کی ہے، مجھے پومزے اور کیروگی میں کھلاڑیوں سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔ رواں سال تھائی لینڈ میں اکتوبر 2024میں شیڈول انڈور مارشل آرٹس گیمز میں بھی ہماری ٹیم حصہ لے گی۔
وقت اشاعت : 12/05/2024 - 20:10:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :