پاکستان نے آئرلینڈ کو فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، شاہین آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار

منگل 14 مئی 2024 22:50

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) پاکستان نے آئرلینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں آسان مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، گرین شرٹس نے 179 رنز کا ہدف 17 اوورز میں حاصل کیا، بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، شاہین آفریدی کو 14 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا۔آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، لورکان ٹکر نے41 گیندوں پر73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں13 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

(جاری ہے)

دیگر کھلاڑیوں میں اینڈی بالبیرنی35 اور ہیری ٹیکٹر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان ٹیم کے سٹار فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے14 رنز دے کر3 اور عباس آفریدی نے43 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قومی ٹیم نے آئرلینڈ کا 179 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، اوپنر صائم ایوب 14رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو کپتان بابراعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

یہ بابراعظم اور محمد رضوان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں دسویں مرتبہ سنچری پارٹنر شپ ہے۔ بابراعظم نے 42 بالوں میں 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں جبکہ محمد رضوان نے 38 بالوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں۔افتخار احمد5رنز بنا کر چلتے بنے، اعظم خان 6 بالوں پر 18 اور عماد وسیم ایک رن کے ساتھ وکٹ پرناٹ آئوٹ رہے۔ آئرش بائولر مارک اڈایر نے 3 اور کریگ ینگ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹونٹی میں آئرلینڈ نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ آخری دو میچوں میں گرین شرٹس نے کامیابی سمیٹ کر سیریز اپنے نام کی۔
وقت اشاعت : 14/05/2024 - 22:50:07