سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں منعقدہ جوڈو سپورٹس لیگ اختتام پذیر ہوگئی

جمعرات 16 مئی 2024 21:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں جاری مینز اینڈ ویمنز جوڈو سپورٹس لیگ اختتام پذیر ہو گئی۔ مردوں کے مقابلے میں حیدرآباد ریجن جبکہ خواتین مقابلے میں کراچی ریجن نے میدان مارلیا، صوبائی مشیر سید نجمی عالم نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سپورٹس لیگ کے تحت مردوں اور خواتین کے جوڈو مقابلوں کا فائنل سندھ زرعی یونیورسٹی کی میزبانی میں سپورٹس کمپلیکس میں ہوا جس میں سندھ کے پانچ ڈویژن کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

جوڈو کے مینز فائنل مقابلوں میں حیدرآباد ریجن نے 07 گولڈ میڈل حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کراچی نے ایک گولڈ کے ساتھ دوسری اور شہید بینظیر آباد نے 4 سلور اور 2 براؤنز میڈل حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی، دوسری جانب خواتین کے جوڈو فائنل مقابلوں میں کراچی ریجن نے 05 گولڈ، 1 سلور اور 1 براؤنز میڈل لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، اس طرح حیدرآباد ریجن نے 3 گولڈ، 4 سلور میڈل حاصل کرکے دوسری اور لاڑکانہ ڈویژن نے 3 سلور اور 3 براؤنز میڈل حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

جوڈو مقابلوں کی اختتامی تقریب کے دوران مہمان خصوصی اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لائیو سٹاک اینڈ فشریز نجمی عالم نے فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ اس موقع پر سید نجمی عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں کی لڑکیوں کو کھیلوں میں بھرپور مواقع ملنے چاہئیں۔ سندھ زرعی یونیورسٹی کے آباد گراؤنڈ اور یونیورسٹی کی زیرمیزبانی انڈور گیمز اس بات کا ثبوت ہیں کہ یونیورسٹی کے نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے، اور اس ضمن میں سندھ کے نوجوانوں کو کرکٹ سمیت سندھ کے ثقافتی کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے معاونت کی جارہی ہے۔
وقت اشاعت : 16/05/2024 - 21:10:12

متعلقہ عنوان :