انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان

فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رؤف کے ساتھ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیا جاسکتا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 مئی 2024 11:18

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مئی 2024ء ) انگلینڈ کے خلاف 22 مئی بروز بدھ کو لیڈز میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان اپنی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کر سکتا ہے۔ فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور حارث رؤف کے ساتھ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ اوپنر صائم ایوب اور تیز گیند باز حسن علی جو حال ہی میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف تیسرے T20I کا حصہ تھے کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

حارث رئوف اور عثمان خان آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی T20I سیریز میں شامل نہیں ہوئے، جسے پاکستان نے 2-1 سے جیتا تھا۔ دریں اثناء ٹیم انتظامیہ شاداب خان یا ابرار احمد میں سے کسی ایک کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے ایک پیسر کو ڈراپ کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ممکنہ طور پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ورلڈ کپ کے امتزاج کو جانچنے کے لیے اپنی پوری طاقت کی ٹیم کو میدان میں اتارے گا۔

حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جو کل پاکستانی سکواڈ میں شامل ہونے والے ہیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچوں کی سیریز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء سے قبل دونوں ٹیموں کی آخری اسائنمنٹ ہوگی۔                                                                   
وقت اشاعت : 18/05/2024 - 11:18:14