ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی20 میں بھی تجربات کی ٹھان لی

حارث اورعثمان کودورہ انگلینڈ میں موقع دیا جائے گا،اسکواڈ کا اعلان 22مئی کو ہوگا

ہفتہ 18 مئی 2024 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے قبل ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ خلاف سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں تجربات کرنے کی ٹھان لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل قومی ٹیم 22 مئی کو انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹی20 میچ کھیلے گی، پلئینگ الیون میں 3 تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔فاسٹ بالرز نسیم شاہ اور حارث روف کے علاوہ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ اوپنر صائم ایوب اور آئرلینڈ کیخلاف سیریز کا آخری میچ کھیلنے والے حسن علی کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ صائم ایوب کے ڈراپ ہونے سے بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کو ایک مرتبہ پھر اوپننگ کرتے دیکھے جانے کا امکان ہے جبکہ فخر زمان کو مڈل آرڈر میں ہی کھلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

فاسٹ بولر حارث روف انجری جبکہ عثمان خان آئرلینڈ کیخلاف پلئینگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے، انہیں دورہ انگلینڈ میں موقع دیا جائے گا۔اسی طرح ٹیم مینجمنٹ شاداب خان یا ابرار احمد کی جگہ بنانے کیلئے ایک فاسٹ بولر کو بھی ڈراپ کرسکتی ہے۔

ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان پاکستان 22 مئی کو کرے گا اور یہ میگا ایونٹ سے قبل آخری موقع ہوگا کہ گرین شرٹس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اپنی پلئینگ الیون ٹیم جانچ سکے۔اسکواڈ کے اعلان سے قبل حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ انگلیںڈ اور پاکستان کی ٹیمیں سیریز کے فوری بعد میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے امریکا اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گی۔
وقت اشاعت : 18/05/2024 - 22:50:30

متعلقہ عنوان :