ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اشارہ، وہاب ریاض کا بچنا مشکل، بابر کی کپتانی بھی خطرے میں

شاداب خان گروپنگ کرنیوالے تینوں کھلاڑیوں کے قریب ترین ، ممکنہ طور پر شاداب کو بھی فارغ کیا جاسکتا ہے، اگر انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی تو آل راؤنڈر بچ سکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 جون 2024 12:32

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اشارہ، وہاب ریاض کا بچنا مشکل، بابر کی کپتانی بھی خطرے میں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 جون 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا ارادہ رکھتا ہے۔ ’جیو نیوز‘ کے مطابق آپریشن کلین اپ میں کچھ کھلاڑیوں، قومی سلیکشن کمیٹی کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور اس سے قبل سیریز کی کارکردگی پر گھر رخصت کردیا جائے گا۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر وہاب ریاض کا بھی اپنی جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے، قومی سلیکشن کمیٹی کو تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم، ہیڈ کوچ گیری کرسٹن ،سینئر منیجر وہاب ریاض اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کی رپورٹس کی بنیاد پر تبدیلیاں کی جائیں گی اور سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ محمد حفیظ کھلاڑیوں پر گروپنگ اورکارکردگی کے بجائے پیسوں کو اہمیت دینے کے الزامات لگا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے بعد ان کی رپورٹ اہمیت کی حامل تھی۔

ورلڈ کپ کے بعد اعظم خان، افتخار احمد، عثمان خان، محمد عامر اور عماد وسیم کو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں تین سینئر کھلاڑیوں کا گروپ ایجنٹ کی ایماء پر پی سی بی حکام کو بلیک میل کرتا رہا۔ چند ماہ قبل سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے پی سی بی پر دبائو ڈال کر معاوضوں میں بے تحاشا اضافہ کرایا گیا۔

گزشتہ سال چیئرمین ،چیف آپریٹنگ آفیسر اور پی سی بی حکام کو میٹنگ میں بلیک میل کرتے رہے اور معاوضوں میں اضافہ کیا گیا، حیران کن طور پر تینوں کھلاڑیوں کا منیجر ایک ہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ شاداب خان ان تینوں کھلاڑیوں کے قریب ترین ہیں تو ممکنہ طور پر شاداب کو بھی فارغ کیا جاسکتا ہے لیکن اگر انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی تو آل راونڈر بچ سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 11/06/2024 - 12:32:44