چھ سال بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری

جمعہ 1 مئی 2015 20:05

چھ سال بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے ملک میں چھ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے ،اس سلسلے میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق تین مارچ 2009ء کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے موقع پر سری لنکن ٹیم پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ تیسرے دن کے کھیل کے لیے ہوٹل سے سٹیڈیم جا رہی تھی ۔

اس واقعے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو سکی ہے اور پاکستانی ٹیم نے ا پنی تمام تر انٹرنیشنل کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلنی شروع کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی اور اس ضمن میں افغانستان اور کینیا کی ٹیموں نے پالستان کا دورہ کیا مگر کوئی بڑی ٹیم پاکستان نہیں آئی ۔

(جاری ہے)

چھ سال کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز ہورہاہے اور اس سلسلے میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ زمبابوے کی ٹیم 19 مئی کو پاکستان کے دورے پر پہنچے گی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ یہ تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دورے کے پہلے مرحلے میں دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 22 اور 24 مئی کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد 26، 29 اور 31 مئی کو ون ڈے انٹرنیشنل ہوں گے۔

زمبابوے کی ٹیم یکم جون کو وطن روانہ ہو جائے گی۔ زمبابوے ٹیسٹ کھیلنے والی پہلی ٹیم ہے جو سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ قذافی سٹیڈیم میں زمبابوے کے دورے سے پہلے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ گذشتہ ماہ سری لنکن کے صدر نے پاکستان کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ان کی کر کٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کے گی ۔

وقت اشاعت : 01/05/2015 - 20:05:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :