رضوان نے ثابت کر دیا انہیں ٹی 20 ٹیم سے نکالنے کا فیصلہ درست تھا‘احمد شہزاد

جمعرات 1 مئی 2025 13:29

رضوان نے ثابت کر دیا انہیں ٹی 20 ٹیم سے نکالنے کا فیصلہ درست تھا‘احمد شہزاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)محمد رضوان کی کپتانی میں ملتان سلطانز کی کارکردگی پی ایس ایل 10 میں انتہائی خراب ہے اور ان پر تنقید کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں مسلسل چار فائنل کھیلنے والی ٹیم ملتان سلطانز کی پی ایس ایل 10 کے رواں سیزن میں کارکردگی انتہائی خراب ہے۔ ایسے میں سابق اور موجودہ کرکٹرز محمد رضوان کی کارکردگی پر کڑی تنقید کر رہے ہیں۔

ایک مقامی نجی ٹی وی پروگرام میں احمد شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے رضوان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ پی ایس ایل میں ہر گزرتی اننگ کے ساتھ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ثابت کر رہے کہ قومی سلیکٹرز نے انہیں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے ہٹانے اور ٹیم سے نکالنے کا فیصلہ بالکل درست کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ رضوان جس طرح قومی ٹیم میں کھیلتا تھا اسی طرح پی ایس ایل میں بھی ٹیم کے گرد کھیل رہا ہے۔

ایسے میں دیگر پلیئرز کو معلوم ہے کہ رضوان ہٹ نہیں کرے گا اور وہ ہٹ کرنے کے چکر میں آؤٹ ہوتے جاتے ہیں۔احمد شہزاد نے کہا کہ رضوان سینئر کھلاڑی اور پاکستان ٹیم کی قیادت بھی کر چکا ہے۔ کوئٹہ کے خلاف ڈو آر ڈائی میچ میں آخر تک کھیلا۔ آپ بتاؤ کہ اس نے سنگل کے علاوہ کوئی اچھے شاٹس کھیل کر پریشر ختم کرنے کی کوشش کی ہو۔انہوں نے کہا کہ رضوان ہر میچ کے بعد خود کو درست ثابت کرتا اور غلطیوں کا ذمہ دار بولرز، بیٹرز اور فیلڈرز کو قرار دیتا ہے۔

جب ایسا ہوتا ہے تو پھر ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں۔ ایسی کارکردگی کے ساتھ اگلے سال اُس کا پی ایس ایل کی ٹیم میں آنا مشکل ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے مسلسل چار فائنلز کھیلنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم رواں پی ایس ایل 10 میں چھ میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہو چکی ہے۔
وقت اشاعت : 01/05/2025 - 13:29:01