گال ٹیسٹ،سری لنکا 300رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی،وہاب، یاسر اور بابر کے 3،3شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 جون 2015 13:20

گال ٹیسٹ،سری لنکا 300رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی،وہاب، یاسر اور بابر کے 3،3شکار

گال(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19جون۔2015ء) گال ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکاکی پوری ٹیم 300رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے۔ گال کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز سری لنکانے اپنی پہلی اننگز کل کے سکور 178رنز 3کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی توکپتان اینجلو میتھیوز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور 19رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیندپر بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد وکٹ کیپر دنیش چندیمل بیٹنگ کر نے کے لیے آئے اور اوپنر کوشل سلوا کے ساتھ سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

اس دوران سلوانے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری اور پاکستان کی خلاف پہلی سنچری مکمل کی۔ چندیمل 23کے انفرادی سکور پر ذوالفقار بابر کی آرم بال کو کٹ کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے وتھانیج نے سلوا کے ساتھ سکور میں تیزی سے اضافہ کرنا شروع کیا تاہم وہ بھی 18رنز بنا نے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر انہیں ریٹر ن کیچ تھما کر پوویلین چلتے بنے۔

(جاری ہے)

دلروان پریرا بھی سلوا کا زیادہ ساتھ نہ دے سکے اور 15رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیندپر سرفراز کے ہاتھو ں کیچ آؤٹ ہوگئے۔لنکن اوپنر آؤٹ ہونے والے 9ویں کھلاڑی تھے جو 125رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر سویپ کر تے ہوئے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی پرادیپ تھے جو 4رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہیراتھ 6رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے کوشل سلوا 125اور سنگاکارا 50رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض،یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے 3،3اور حفیظ نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

وقت اشاعت : 19/06/2015 - 13:20:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :