نیتھن لیون نے آسٹریلوی ٹیم کے سانگ ماسٹر سے انوکھی ریٹائرمنٹ لے لی

منگل 1 جولائی 2025 13:55

نیتھن لیون نے آسٹریلوی ٹیم کے سانگ ماسٹر سے انوکھی ریٹائرمنٹ لے لی
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)آسٹریلیا کے اسپنر نیتھن لیون نے انوکھی ریٹائرمنٹ لے لی، انہوں آسٹریلوی ٹیم کے سانگ ماسٹر سے ریٹائرمنٹ لے کر جانشین کی بھی نشاندہی کر دی۔نیتھن لیون آسٹریلیا کے وکٹری سونگ کو لیڈ کرتے تھے، انہوں نے آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں جشن کی قیادت کی ذمے داری چھوڑ دی۔نیتھن لیون کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، انہوں نے جشن منانے کی قیادت ایلکس کیری کو سونپ دی۔

میچ جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم باقاعدہ ایک جشن کرتی ہے جس کی قیادت نیتھن لیون کر رہے تھے۔اس حوالے سے نیتھن لیون کا کہنا ہے کہ ٹیم کا گانا اور جشن لیڈ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات رہی ہے، جشن کی ذمے داری سے سبکدوش ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ایلکس کیری ایک بہترین امیدوار ہیں، ارادہ تھا کہ اگر آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتتا تو یہ ذمے داری کسی اور کو دیتا مگر اب ویسٹ انڈیز سیریز میں یہ فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں بھارت اور انگلینڈ میں جیتنا چاہتا ہوں، ابھی ایک اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے کا ارادہ ہے۔ واضح رہے کہ نیتھن لیون 138 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے وکٹری سونگ ماسٹر کا کردار 12 برس سے زائد نبھایا، انہوں نے یہ ذمے داری مائیک ہسی سے لی جنہوں نے 67 ٹیسٹ میچز میں لیڈ کیا تھا۔
وقت اشاعت : 01/07/2025 - 13:55:06