پاک زمبابوے سیریز: ویسٹ انڈیز کی شمولیت کا امکان

جمعہ 26 جون 2015 12:00

پاک زمبابوے سیریز: ویسٹ انڈیز کی شمولیت کا امکان

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 جون۔2015ء)اگست میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سیریز میں ویسٹ انڈیز کو بھی دعوت دئیے جانے کا امکان ہے ‘ممکنہ طور پر اس تین ملکی ایک روزہ سیریز کا فاتح چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرسکتا ہے۔چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے تاہم اس تاریخ سے قبل ویسٹ انڈیز کی کوئی ایک روزہ سیریز شیڈول نہیں جو 88 پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر ہے اس رینکنگ میں 87 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کا مقام نواں ہے تاہم گرین شرٹس کو جولائی میں سری لنکا اور اگست میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنی ہے۔

بھارت کو شکست دینے کے بعد ساتویں پوزیشن پر موجود بنگلہ دیش پہلے ہی انگلینڈ میں ہونے والی چیمئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے ‘ ویسٹ انڈیز کی زمبابوے میں کھیلنے جانے والی اس سیریز میں شمولیت سے چیمپئنز ٹرافی کے آخری اسپاٹ پر ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

زمبابوے کرکٹ آفیشل نے کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو بتایا کہ ہماری ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے ویسٹ انڈیز کو تین ملکی سیریز میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے تاہم ابھی تک کچھ حتمی نہیں ہوا۔

وقت اشاعت : 26/06/2015 - 12:00:30