پاکستان سپورٹس بورڈ کی ریسلنگ کوچ کے ایشین یوتھ گیمز کی تیاری سے متعلق میڈیا کو دیئے گئے گمراہ کن اور بے بنیاد بیان کی وضاحت

جمعہ 8 اگست 2025 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے ریسلنگ کوچ کے میڈیا پر گردش کرتے ہوئے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ ریسلنگ کوچ نے میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)ایشین یوتھ گیمز کی تیاری کے سلسلے میں ریسلرز کی ٹریننگ میں تعاون نہیں کر رہا۔

جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے اس بیان کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایشین یوتھ گیمز 2025 کی تیاری کے سلسلے میں ریسلرز کی ٹریننگ کے لئے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے، پاکستان سپورٹس بورڈ نہ صرف ٹریننگ کے لئے مکمل سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ ایشین یوتھ گیمز کی تیاری کے سلسلے میں ریسلرز کے لئے غیر ملکی تربیتی کیمپ کی سہولت بھی مہیا کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس بی کے مطابق پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے ایشین یوتھ گیمز 2025 اور یوتھ اولمپک گیمز 2026 کی تیاری کے سلسلے میں 4 ریسلرز اور ایک کوچ کے لئے غیر ملکی تربیتی کیمپ کی درخواست دی تھی جسے پی ایس بی نے منظور کرتے ہوئے فیڈریشن کو ٹریننگ پلان، بیرونِ ملک تربیتی پروگرام، رہائش کے انتظامات اور دیگر تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ فوری عملدرآمد کیا جا سکے۔

مزید یہ کہ فیڈریشن کی درخواست پر پی ایس بی نے کیمپ کے لئے 6.60 ملین روپے کی مانگی گئی رقم سے بھی زیادہ، کل 7.55 ملین روپے ایڈوانس کے طور پر جاری کئے (چیک نمبر B-520058، 22 مئی 2025) تاکہ تربیتی کیمپ بلا تاخیر منعقد ہو سکے۔پی ایس بی نے واضح کیا کہ ان ٹھوس حقائق کے باوجود میڈیا میں یہ تاثر دینا کہ ادارہ تعاون نہیں کر رہا، نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ عوام کو گمراہ کرنے اور قومی کھیلوں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، فیڈریشن کو ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔
وقت اشاعت : 08/08/2025 - 17:52:16