پاکستان کو پہلی بار عالمی معیار کا کوچ ملا ہے، سید محسن گیلانی

جمعرات 21 اگست 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلی بار عالمی معیار کا کوچ ملا ہے، نولبرٹو سولانو کی تقرری سے نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھریں گی بلکہ مقامی کوچز کو بھی سیکھنے کا سنہری موقع ملے گا۔فیڈریشن ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سولانو کی موجودگی پاکستان میں جدید فٹبال کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں میں نیا جوش پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر نئے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو بھی موجود تھے۔صدر فیڈریشن نے بتایا کہ پاکستان کی پہلی قومی فٹبال ٹیم تشکیل دی جا چکی ہے جو جلد ہی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں اپنی تاریخ رقم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا اور اے ایف سی نے پاکستان فٹبال کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

پیرو کے سابق بین الاقوامی فٹبالر اور تجربہ کار کوچ نولبرٹو سولانو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ان کے لیے اعزاز اور چیلنج دونوں ہیں، میں نے یہاں چند دنوں میں دیکھا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کھلاڑی پرجوش اور معیاری فٹبال کھیلنے کے خواہاں ہیں۔

سولانو نے مزید کہا کہ پاکستان فٹبال کو مسابقتی معیار تک لے جانے کے لیے وقت اور صبر کی ضرورت ہوگی، فی الحال ہمارا فوکس انڈر 23 اسکواڈ پر ہے، ہم پوری محنت اور توازن کے ساتھ تیاری کریں گے تاکہ مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد رکھی جا سکے۔
وقت اشاعت : 21/08/2025 - 21:00:02