حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کا تیسرا راؤنڈ، کوئٹہ کی ٹیم حیدرآباد کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کا تیسرا راؤنڈ، کوئٹہ کی ٹیم حیدرآباد کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبدالواحد بنگلزئی نے 121 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ حیدرآباد کے جواد علی بھٹی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کھیل کے اختتام پر حیدرآباد نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا لیے۔

محمد سلیمان 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی وائٹس کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ شہزاد گل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں کراچی وائٹس کی 210 کے مجموعی اسکور پر 7 وکٹیں گر گئیں۔ محمد طحہٰ 60 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

(جاری ہے)

محمد عثمان 50 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ کراچی بلیوز نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف پہلی اننگز 401 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔

عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 139 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں عمیر بن یوسف 95 اور رمیز عزیز 79 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیرہ مراد جمالی کے فہد حسین نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی کی ٹیم ملتان کے خلاف پہلی اننگز میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصل اکرم نے تباہ کن بائولنگ کی اور 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

راولپنڈی نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا لیے۔ لاڑکانہ کی ٹیم فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں 197 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ غلام رضا اور محسن رضا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جواب میں فاٹا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنا لیے۔ محمد فاروق نے 132 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ آزاد جموں کشمیر اور لاہور بلیوز کا میچ ٹائی ہو گیا۔ آزاد کشمیر کی ٹیم 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
وقت اشاعت : 13/09/2025 - 21:50:02