جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر216 رنز بنا لئے

پیر 13 اکتوبر 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنا لئے ۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی ڈِ زوزی نے81 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پاکستان کی 378 رنز کی پہلی اننگز کے جواب میں بیٹنگ شروع کی تو کپتان ایڈن مارکرم 20 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ویان ملڈر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔راین ریکلٹن اور ٹونی ڈِ زوزی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائے، تاہم ریکلٹن 71 رنزبنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد مہمان ٹیم کے تین کھلاڑی جلدی آؤٹ ہوگئے مجموعی طور پر 200 رنز پر چھ وکٹیں گر گئیں۔قبل ازیں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ محمد رضوان نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا 93 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 163 رنز کی قیمتی شراکت قائم ہوئی۔جنوبی افریقہ کے سپنر سینوران متھوسامی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرینیلن سبریئن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 110.4 اوورز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
وقت اشاعت : 13/10/2025 - 21:40:03