کبڈی کمنٹیٹر محمد طیب گیلانی برطانیہ کے15 روزہ کامیاب دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

جمعرات 16 جولائی 2026 17:39

کبڈی کمنٹیٹر محمد طیب گیلانی برطانیہ کے15 روزہ کامیاب دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2026ء) معروف بین الاقوامی کبڈی کمنٹیٹر محمد طیب گیلانی برطانیہ کے15 روزہ کامیاب دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ برطانیہ میں انہوں نے عالمی کبڈی تنظیموں اور مختلف کلبوں کے ساتھ اہم ملاقاتوں اور مفاہمتی معاہدوں کے ذریعے پاکستانی کبڈی کھلاڑیوں کے لیے انگلینڈ میں آئندہ چار برس تک پیشہ ورانہ مقابلوں میں شرکت کے نئے مواقع پیدا کرنے سمیت پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت کی۔

جمعرات کے روز جاری اپنے بیان میں محمد طیب گیلانی نے بتایا کہ برمنگھم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ورلڈ کبڈی فیڈریشن کے صدر اشوک داس نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے ورلڈ کبڈی فیڈریشن کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ستمبر میں انگلینڈ میں منعقد ہونے والی ورلڈ کبڈی لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ قومی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے مختلف کبڈی کلبوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں جن کے تحت 2027 سے 2030 تک انگلینڈ میں ہونے والے کبڈی سیزنز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے لیے سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ان معاہدوں سے پاکستانی کھلاڑیوں کو مسلسل چار سال تک پیشہ ورانہ کبڈی مقابلوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں گے۔

محمد طیب گیلانی نے اپنے دورہ کے دوران برمنگھم، کووینٹری، وولور ہیمپٹن، مانچسٹر، لندن، گریوزینڈ، ایلفورڈ اور ساؤتھ آل سمیت مختلف شہروں کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے مختلف کبڈی سیریز اور ٹورنامنٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے منتظمین اور متعلقہ شخصیات کے ساتھ رابطے اور مشاورت کی۔ انہوں نے برطانیہ میں قیام کے دوران عالمی کبڈی برادری کی متعدد ممتاز شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں سردار رنجیت سنگھ رانا، سردار سور سنگھ، بین الاقوامی شہرت یافتہ مصنف سردار بلبیر سنگھ کنول، سردار پلویندر سنگھ ڈھلوں، سردار امرجیت سنگھ، سردار مہندر سنگھ، ستنام سنگھ پہلوان، پلویندر پال، بیرسٹر چوہدری عامر چدھڑ اور پی ایچ ڈی اسکالر پروفیسر زرگام گورایا شامل تھے۔

محمد طیب گیلانی نے اپنے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سب سے اہم حاصل نوجوان پاکستانی کبڈی کھلاڑیوں کے لیے انگلینڈ میں پیشہ ورانہ مقابلوں کے دروازے کھولنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پیش رفت سے نہ صرف پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کھیلوں کے روابط مزید مستحکم ہوں گے بلکہ ابھرتے ہوئے پاکستانی کبڈی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے۔
وقت اشاعت : 16/07/2026 - 17:39:16