نیشنل چیمپئنز کپ ، فائنل میں پاکستان گولڈ اور پاکستان گرینز کل مدمقابل ہوں گی

پیر 17 اگست 2026 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) نیشنل چیمپئنز کپ کے فائنل میں پاکستان گولڈ اور پاکستان گرینز کی ٹیمیں منگل کو آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں شرکت کی۔ پاکستان گرینز نے ٹورنامنٹ میں اپنے تینوں میچز جیت کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ پاکستان گولڈ تین میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کر سکی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل منگل کی دوپہر تین بجے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ شائقین کو میچ دیکھنے کے لیے مفت داخلہ دیا جائے گا، جبکہ میچ کے بعد میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار ساحر علی بگا پرفارم کریں گے۔ فاتح ٹیم کو50 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پہلے دو میچز ہمارے حق میں نہیں تھے، تاہم تیسرے میچ میں ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرینز کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور فائنل دلچسپ ہوگا۔ پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ پوری ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور گرائونڈ میں سب کا مائنڈ سیٹ بہترین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں پاکستان گولڈ جیسی ٹیم خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 17/08/2026 - 19:58:10