پی سی بی کی دعوت پر سابق کرکٹرز کے این سی اے کے دورے شروع،ترجمان

جمعرات 1 اکتوبر 2026 12:09

پی سی بی کی دعوت پر سابق کرکٹرز کے این سی اے کے دورے شروع،ترجمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر سابق کرکٹرز کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دوروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سابق کپتان راشد لطیف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہائی پرفارمنس سنٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں مختلف شعبوں اور جاری کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔راشد لطیف نے ہائی پرفارمنس سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود ٹریننگ سہولیات کا جائزہ لیا۔

عاقب جاوید کے مطابق سابق کرکٹرز کو ہائی پرفارمنس سنٹر مدعو کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر ہفتے ایک سابق کرکٹر کو مرکز کا دورہ کرایا جائے گا۔عاقب جاوید نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد سابق کرکٹرز کو اکیڈمیز، ان کے طریقہ کار اور ٹریننگ کی سہولیات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے، جبکہ سابق کھلاڑیوں سے فیڈ بیک اور بہتر مشورے بھی لیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق سابق کرکٹرز کی آرا سے کام کو مزید بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کو بہتر انداز میں گروپ کرنے میں مدد ملے گی۔راشد لطیف نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی ان کے سامنے بنی اور وہ یہاں ٹریننگ بھی کرتے رہے ہیں۔اب گرائونڈ کو بہتر کردیا گیا ہے، اسکوائر پر پچز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سنٹر پچ پر بھی کھیلنے کی سہولت موجود ہے۔ ان اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

سابق کپتان نے بائیو مکینک لیب کو ہائی پرفارمنس سنٹر کی اہم سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ابھی مکمل ہونی ہے، تاہم اس کا پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔ راشد لطیف نے جدید بولنگ مشین کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اسے دیکھ کر بہت اچھا لگا اور اس سے بیٹرز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکول کرکٹ شروع ہوچکی ہے، تاہم کلب کرکٹ کو بھی جلد بحال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے کلب کرکٹ کا ہونا انتہائی ضروری ہے اور کلب کرکٹ پاکستان کرکٹ کو اوپر لے جانے کے لیے ایک بڑا ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔
وقت اشاعت : 01/10/2026 - 12:09:22