کسی صورت بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے، ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف نریندر باٹرا کے بیان پر سخت ترین کارروائی کریں، شہباز احمد سینئر

بدھ 16 ستمبر 2015 23:07

کسی صورت بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے، ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف نریندر باٹرا کے بیان پر سخت ترین کارروائی کریں، شہباز احمد سینئر

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) ہاکی انڈیا کے صدر نریندر باٹرا کے معافی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور ایشین ہاکی فیڈریشن سے کہا ہے کہ وہ نریندر کے سخت بیان پر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔ گزشتہ برس منعقدہ چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور کھلاڑیوں نے سٹیڈیم میں خوب جشن منایا جسے بھارت ابھی تک بھول نہ سکا، نریندر باٹرا نے بیان دیا کہ پاکستان کے معافی مانگنے تک دو طرفہ سیریز کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نہ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو ہاکی انڈین لیگ میں شامل کیا جائے گا۔

گرین شرٹس کے پلیئرز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس وقت ٹیم کوچ شہناز شیخ نے بھی کھلاڑیوں کے رویے پر بھارت سے معافی مانگی تھی۔

(جاری ہے)

بدھ کو پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں معافی نہیں مانگیں گے، بھارت کو فیڈریشن سے کوئی مسئلہ ہے تو وہ تحریری شکایت کرے اسطرح کا طرز عمل ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ باٹرا کا بیان سپرٹ آف سپورٹس کے منافی ہے اسلئے ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، کھیلوں کے ذریعے سے ہی ممالک کے آپس میں تعلقات بڑھتے ہیں اسلئے انہیں سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہناز شیخ پہلے ہی واقع پر بھارت سے معافی مانگ چکے ہیں اسلئے دوبارہ معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ہم کسی بھی صورت میں بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے سلسلے میں ہم نے حکومت سے گرانٹ کی درخواست کی ہے اور امید ہے کہ آئندہ ہفتے مل جائے گی۔

وقت اشاعت : 16/09/2015 - 23:07:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :